نئی دہلی،19؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) جموں وکشمیر کرکٹ اسوسی ایشن (جے کے سی اے) منی لانڈرنگ معاملے میں سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کی 11.86 کروڑ کی جائیداد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سیز کردی ہے۔
پرائیویٹ نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے کھنگال رہی ہے۔ یہ سارے معاملے جموں وکشمیر کرکٹ اسوسی ایشن (جے کے سی اے) میں مالی بدعنوانی سے متعلق ہیں۔
سی بی آئی نے سال 2018 میں فاروق عبداللہ اور3 دیگر کے خلاف چارج شیٹ فائل کی تھی۔ جموں وکشمیر کرکٹ اسوسی ایشن میں 2002 سے 2011 کے درمیان کا یہ معاملہ تقریباً 43.69 کروڑ مبینہ بے ضباطگیوں سے متعلق ہے۔